نا حُوم
1
یہ کتاب ناحوم القوشی کی رویا ہے۔ نینوہ شہر کے بارے میں یہ غم بھرا پیغام ہے۔
خدا وند بہت غیرت مند اور انتقام لینے والا خدا ہے۔
خدا وند وہ ہے جو طیش میں بدلہ لیتا ہے۔
وہ اپنے مخالفوں سے بدلہ لیتا ہے اور اسکا غیض و غضب اسکے دشمنوں کے خلاف ہے۔
خدا وند صابر ہے، لیکن وہ بہت قدرت والا ہے۔
اور خدا وند قصور وار کو سزا دیتا ہے۔
وہ انہیں آزادانہ طور پر چلے جانے نہیں دیگا۔
دیکھو خدا وند مجرموں کو سزا دینے آرہا ہے۔
وہ اپنی قدرت دکھا نے کے لئے گرد و غبار اور آندھی کو کام میں لائے گا۔
انسان تو زمین میں مٹی پر چلتا ہے۔ لیکن خداوند بادلوں پر چلتا ہے۔
اگر خدا وند سمندر کو ڈانٹے تو سمندر بھی سو کھ جائے۔
ساری ندی سوکھ جائے۔
بسن اور کر مل کملا جائیں گے
اور لبنان کی کونپلیں مر جھا جائیں گی۔
خدا وند کی آمد ہوگی
اور پہاڑ خوف سے کانپیں گے اور یہ پہاڑیاں پگھل کر بہہ جائیں گی۔
خدا وند کی آمد ہوگی اور یہ زمین خوف سے کانپ اٹھے گی۔
یہ دنیا اور جو کچھ زندہ ہے خوف سے کانپے گی۔
خدا وند کے عظیم قہر کا سامنا کوئی نہیں کر سکتا۔
کوئی بھی اسکا بھیانک غصہ سہہ نہیں سکتا۔
اسکا قہر آگ کی مانند نازل ہو تا ہے۔
وہ چٹا نوں کو توڑ ڈالتا ہے۔
خدا وند اچھا ہے اور مصیبت کے دن پناہ گاہ ہے۔
وہ اسے جانتا ہے جو اس میں پناہ لیتا ہے۔
لیکن وہ اپنے دشمنوں کو پوری طرح نیست و نابود کرے گا۔
وہ انہیں سیلاب کی طرح بہا کر لے جائے گا۔
تاریکی کے درمیان وہ اپنے دشمنوں کا پیچھا کرے گا۔
کیا تم خدا وند کی مخالفت میں منصوبے بنا رہے ہو؟
وہ تیرا خاتمہ کر دے گا۔
پھر اور کوئی دوبارہ کبھی خدا وند کی مخالفت نہیں کرے گا۔
10 تمہارے دشمن الجھے ہوئے کانٹوں سے نیست و نابود ہوں گے۔
وہ سوکھی گھاس کی مانند جلد جل جائیں گے۔
 
11 اے نینوہ! ایک شخص تجھ سے ہی آگے آیا
اور خدا وند کے خلاف برا منصوبہ بنایا اور برا مشورہ پیش کیا۔
12 خدا وند نے بولا:
“اگر چہ اسیر یہ کے لوگ کافی طاقتور ہیں
اور انکے پاس کافی سپا ہی ہیں، وہ کاٹ دیئے جائیں گے
اور سب کا خاتمہ کیا جائے گا۔
اے میرے لوگو! میں نے تم کو بہت دکھ دیا
لیکن اب آگے تمہیں مزید دکھ نہیں دونگا۔”
13 میں اب تمہیں اسور کی قوت سے نجات دوں گا۔
تمہارے کندھے سے میں وہ جوا اتار دوں گا۔
تمہاری زنجیر جن میں تم بندھے ہو میں اب توڑ دونگا۔
 
14 اے اسور کے بادشاہ، تیرے بارے میں خدا وند نے یہ کہتے ہوئے حکم دیا:
“تیرا نام لیوا کوئی بھی نسل نہیں رہے گی۔
میں پتھر یا لکڑیوں کے تراشے ہوئے بت
اور ڈھالی ہوئی دھات کے مورتیوں جو کہ تمہارے جھوٹے خداؤں کی ہیکل میں ہيں اس کو بھی نیست و نابود کروں گا ۔
میں تیرے لئے قبر بنا رہا ہوں
کیوں کہ تیرا خاتمہ بہت نزدیک ہے۔”
 
15 دیکھ یہوداہ!
دیکھ وہاں پہاڑ کے اوپر سے کوئی آرہا ہے۔ کوئی خبر رساں خوشخبری لے کر آرہا ہے۔
دیکھو وہ کہہ رہا ہے کہ یہاں پر سلامتی ہے۔
اے یہوداہ! اپنی تقریب منا۔
اے یہوداہ اپنا نذرانہ پیش کر۔
اب کبھی خبیث تم پر حملہ نہ کریں گے اور وہ پھر تم کو ہرا نہیں پائیں گے۔
ان سبھی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔